Monday, May 13, 2024

والدین قتل کیس ، متاثرہ لڑکی نازو شنواری کو پھر ہراساں کیا جانے لگا

والدین قتل کیس ، متاثرہ لڑکی نازو شنواری کو پھر ہراساں کیا جانے لگا
September 5, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) والدین قتل کیس میں متاثرہ لڑکی نازو شنواری کو پھر ہراساں کیا جانے لگا۔ ویڈیو پیغام میں کہتی ہیں والدین کے قتل کیس میں صرف تسلیاں دی گئیں۔ اب ملزموں نے مدد کرنے والے دوستوں کو بھی ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔ نازو شنواری کا سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت سے مدد کی اپیل کرنے کے معاملے سے متعلق راولپنڈی میں درج مقدمہ میں ملزمان نے پشاور سے بارہ ستمبر تک عبوری ضمانت کرا لی ۔ سی پی او راولپنڈی محمد فیصل رانا کا کہنا ہے متاثرہ لڑکی نازو شنواری سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے ۔ پشاور میں عبوری ضمانت خارج ہونے کی صورت میں ملزمان کو گرفتار کر لیا جائیگا ۔ سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے ملزمان نازو شنواری کے سوتیلے بھائی ہیں ۔ اصل معاملہ نازو شنواری کے والد کی صدر میں واقع جائیداد کا ہے ۔ ملزمان نے پہلے نازو شنواری کے والد کو گلستان کالونی راولپنڈی میں قتل کیا ۔ انہی ملزمان نے نازو شنواری کی والدہ پر پشاور میں جھوٹا مقدمہ درج کرایا ۔ نازو شنواری کی والدہ پشاور میں اسی مقدمے پر پیشی کیلیے جا رہی تھیں کہ قتل کر دیا گیا ۔ راولپنڈٰی پولیس کا کہنا ہے تھانہ سول لائن راولپنڈی میں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہے ۔ ملزمان کی گرفتاری کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے ۔