Friday, April 19, 2024

والد کو چودھری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے پر گرفتار کیا گیا ، حمزہ شہباز

والد کو چودھری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے پر گرفتار کیا گیا ، حمزہ شہباز
October 5, 2018
لاہور (92 نیوز) حمزہ شہباز نے اپنے والد شہباز شریف کی گرفتاری پر کہا کہ والد کو چودھری لطیف نامی ٹھیکیدار کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ میں آج کے اقدام کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔ ہر الیکشن سے پہلے ن لیگ کے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ محمد شہباز شریف نے یہ ٹھیکہ نہیں کینسل کیا تھا۔ چوہدری لطیف ملزم تھا، اینٹی کرپشن کے کیس میں مفرور ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا نندی پور میں کروڑوں کی خرد برد کی گئی، بابر اعوان کو کچھ نہیں کہا گیا۔ عمران نیازی آپ بھی ہیلی کاپٹر کیس میں نیب میں پیش ہوں۔ انہوں نے کہا دس سال میں یہاں اکیلا تھا، مجھے لاہور سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ عمران نیازی آپ مشرف کی گود میں بیٹھا کرتے تھے، آپ دل بڑا کریں ۔ حمزہ شہباز نے کہا بھینسوں کی نیلامی کی عمران نیازی صاحب آپ کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ آپ سے تو تنقید برداشت نہیں ہوتی۔ مجھے فخر ہے کہ میں شہباز شریف کا بیٹا ہوں۔ آج بھی بات بدلی نہیں ہے۔ نواز شریف نے قومی فریضہ ادا کیا۔ یہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا حکومت ہوامیں معلق ہے۔ اگر اپوزیشن نے ضمنی الیکشن کا معرکہ مار لیا تو میرا کیا ہو گا۔ دل بڑا کریں عمران نیازی ۔ حمزہ شہباز نے کہا 11 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔ چندے سے ملک نہیں چلتے۔ جس کیس میں شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا اس میں قومی خزانے کو ایک پائی کا نقصان نہیں ہوا۔ عمران نیازی آپ نے تو کہا تھا کہ میں گھر سے احتساب شروع کروں گا۔ دیت دے کر قتل کے مقدمے میں چھوٹنے والا پنجاب کا پی ایم ہے۔ زلفی بخاری کون ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ چین جیسا ملک کہتا ہے کہ پنجاب میں ترقی ہوئی۔ اربوں روپے کے منصوبے بنے۔ نیازی صاحب فیصلہ پاکستانی قوم کرے گی۔ جس طرح کے یو ٹرن ہم دیکھ رہے ہیں ایسے پہلے کبھی نہیں دیکھے تھے۔  کینٹنر پر چڑھ کر گالیاں دینے والے آج بنی گالہ سے پی ایم ہاؤس ہیلی کاپٹر میں جاتے ہیں۔ کابینہ کی میٹنگ میں اپنے ارد گرد جھانکا کریں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پشاور کھنڈر ہے ، اس ملزم کو بھی پکڑیں۔ سانچ کو آنچ نہیں ہوتی۔ پارلیمانی کمشین میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ہم دل پر پتھر رکھ کر ایوان میں بیٹھے ہیں تو صرف ملک و قوم کی خاطر۔ جو بندہ نیب کی کسٹڈی میں ہے اس کے بیان پر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینٹنر کلچر چل رہا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج اور گرفتاریاں ہوں گی۔ یہ نیب کے پیچھے چھپ سکتے ہیں مگر حساب دینا پڑے گا ۔  دھندلی سے بنی حکومتیں نہیں بچتیں۔ حمزہ شہباز نے کہا نواز شریف ہمارا لیڈر ہے، اس نے اپنے دور میں ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ عمران نیازی صاحب ہم آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم عمران نیازی کی طرح نیب پر اثر انداز نہیں ہوتے۔ مشرف دور کے کیس علیم خان پر چل رہے ہیں۔ اس جعلی مینڈیٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ جو سچے ہوتے ہیں وہ قسمیں نہیں کھاتے۔ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے آج خود یہ بندوبست کر دیا کہ سچائی قوم کے سامنے آئے۔