Friday, March 29, 2024

واشنگٹن کا مودی سے کشمیریوں  کی رہائی کا مطالبہ

واشنگٹن کا مودی سے کشمیریوں  کی رہائی کا مطالبہ
August 21, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) امریکا نے  مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور کرفیو پر تشویش کا اظہار کر دیا ۔ واشنگٹن نے   بھارت سے  بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے گرفتار افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا  اور کہا کہ پاکستان سنگین معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے پر خودمختار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں دو سے زائد ہفتوں سے جاری کرفیو میں  انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر امریکا بھی خاموش نہ رہ سکا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا ، ایک سینئر عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ آرٹیکل تین سو ستر کے خاتمےکی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جو بھارتی سرحد سے باہر بھی گئے ہیں۔ امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان  مسئلہ کشمیر کو عالمی عدالت انصاف میں  لے جانے پر  خود مختار ہے، تاہم امریکا کا شروع سے یہ مؤقف رہا ہے کہ تنازع کا حل پاک بھارت مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خطے میں حالات معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معمولات اور بنیادی آزادی بحال کی جائے۔