Friday, May 3, 2024

واشنگٹن میں نسل پرستی کیخلاف بڑا مارچ، سول سوسائٹیز سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

واشنگٹن میں نسل پرستی کیخلاف بڑا مارچ، سول سوسائٹیز سمیت ہزاروں افراد کی شرکت
August 29, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نسل پرستی کے خلاف ایک بڑا مارچ ہوا، جس میں سول سوسائٹیز سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ مارچ سیاہ فام رہنماء مارٹن لوتھرکنگ کے نسلی تعصب کے خلاف تاریخی خطاب کی سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ نسلی تعصب کے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سول سائیٹز اور سیاہ فام رہنماؤں کی جانب سے ایک بہت بڑے مظاہرہ کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرے میں امریکا بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ مارچ امریکا میں نسلی برابری کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنما مارٹن لوتھر کنگ کی طرف سے 1963ء میں کیے گئے تاریخی خطاب آئی ہیوو اے ڈریم کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی میرا ایک خواب ہےI Have a Dream)عشروں سے لوگوں کے ذہنوں میں گونج رہا ہے۔ انہوں نے تقریر ڈھائی لاکھ افراد کے سامنے واشنگٹن ڈی سی میں لنکن میموریل کے زینے پر کھڑے ہو کر یہ بات کی تھی۔ مارٹن لوتھر کنگ کا یہ تاریخی مارچ واشنگٹن مارچ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس تقریر کے الفاظ کچھ یوں تھے میرا ایک خواب ہے کہ جارجیا کے سرخ پہاڑوں پر ایک دن سفید فام آقاؤں اور سیاہ فام غلاموں کے وارث ایک دوسرے سے گلے ملیں ، میرا ایک خواب ہے کہ میر ے بچے اپنے رنگ کے بجائے اپنے کردار سے پہچانے جائیں ، میرا ایک خواب ہے۔ اس یادگار خطاب کی 57 ویں سالگرہ ایک ایسے موقع پر منائی جا رہی ہے جب امریکا میں نسل پرستی کے خلاف ایک بار پھر غم و غصے کی لہر جاری ہے۔ ملک میں سفید فام پولیس کی طرف سے سیاہ فام باشندوں کو نشانہ بنانے کا تازہ واقعہ امریکی شہر کینوشا میں پیش آیا جہاں ایک نہتے شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔