Friday, May 3, 2024

واشنگٹن: صحت بل پر ووٹنگ ملتوی، بل کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

واشنگٹن: صحت بل پر ووٹنگ ملتوی، بل کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج
March 24, 2017
واشنگٹن (92 نیوز) ٹرمپ انتظامیہ کو ایک اور دھچکا، منظوری کے لیے درکار ووٹ نہ ملنے کے خوف سے اوباما ہیلتھ کیئر پروگرام کے متبادل ٹرمپ حکومت کے بل پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ ادھر وائٹ ہاؤس کے باہر اور لاس اینجلس میں ٹرمپ حکومت کے مجوزہ ہیلتھ کیئر بل کے خلاف احتجاج کیا گیا، پولیس نے چوبیس مظاہرین کو دھرلیا۔ ٹرمپ انتظامیہ سابق صدر باراک اوباما کے منصوبے ختم کرنے کے درپے ہے لیکن ٹرمپ حکومت کو نئے منصوبوں کی منظوری میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ایوان نمائندگان میں نئے ہیلتھ پروگرام کے لیے ووٹنگ بھی موخر کر دی گئی ہے۔ مجوزہ بل کی منظوری کے لیے ووٹوں تعداد مکمل نہیں تھی جس پر ٹرمپ انتظامیہ نے ووٹنگ ملتوی کر دی۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایفورڈ ایبل ہیلتھ کیئر ایکٹ پر ووٹنگ جمعہ کو ہونے کا امکان ہے۔ کسی بھی بل پر ووٹنگ کے لیے ایوان نمائندگان میں دو سو پندرہ ارکان کا ہونا ضروری ہے۔ ادھر وائٹ ہاؤس کے باہر سیکڑوں افراد نے ٹرمپ حکومت کے نئے ہیلتھ کیئر بل کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے چوبیس مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اوباما ہیلتھ کیئر پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے پریشان ہیں، انہوں نے ہیلتھ پالیسی خرید رکھی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ صدر ٹرمپ وہ کام کریں جو درست اور انصاف پر مبنی ہوں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بھی لوگ نئے ہیلتھ کیئر بل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے سٹی ہال تک ریلی بھی نکالی۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صحت سے متعلق نئے پروگرام کی منظوری کے لیے پرامید ہیں۔ ری پبلکن ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری سے امریکی عوام کو صحت سے متعلق بہترین اور سستی سہولتیں میسرآئیں گی۔