Wednesday, April 24, 2024

واشنگٹن: بم بنانے کے سبہ میں گرفتار کیے جانیوالے چودہ سالہ طالبعلم احمد محمد کا وائٹ ہائوس کا دورہ، اوباما سے گفتگو

واشنگٹن: بم بنانے کے سبہ میں گرفتار کیے جانیوالے چودہ سالہ طالبعلم احمد محمد کا وائٹ ہائوس کا دورہ، اوباما سے گفتگو
October 20, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا میں بم بنانے کے شبہ میں گرفتار کئے جانیوالے چودہ سالہ طالبعلم احمد محمد نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا ہے۔ احمد کو آسٹرونومی نائٹ کے موقع پر وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی گئی تھی۔ احمد کو اس وقت شہرت ملی تھی جب وہ ایک گھڑی بنا کر سکول لے گیا جہاں گھڑی کو بم سمجھ لیا گیا اور سکول انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کی کہ بچے کے پاس بم ہے جس پر پولیس نے اسے ہتھکڑی لگا کر گرفتار کر لیا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ جسے بم سجھا گیا وہ دراصل ایک گھڑی ہے جس پر اوباما نے چودہ ستمبر کو بچے کو گھڑی بنانے پر مبارکباد دی اور اسے وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی۔ اوباما نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا امریکیوں کو ایسے بچوں پر فخر ہونا چاہئے جو سائنس کو پسند کرتے ہیں اور احمد ایسا ہی بچہ ہے جن کی بدولت امریکا عظیم ملک ہے۔ احمد آسٹرونومی نائٹ کے موقع پرموجود بچوں میں صف اول میں موجود تھا، اوباما نے احمد کو نہ صرف گلے لگایا بلکہ اس سےمختصر گفتگو بھی کی۔ احمد وہ کھڑی بھی ساتھ لایا تھا جس کی وجہ سے اسے ہتھکڑی لگی تھی۔ احمد کا تعلق ٹیکساس سے ہے جس نے الارم والی گھڑی بنائی اور اسے انجنیئرنگ کے ٹیچر کو دکھانے کیلئے سکول لایا تھا لیکن اسے بم سمجھ کر احمد کو گرفتار کر لیا گیا  تھا۔ احمد نے اب وہ سکول چھوڑ دیا ہے اور گھر میں  پڑھتا ہے۔ وہ ناسا کی ٹی شرٹ پہن کر وائٹ ہاؤس آیا تھا۔ وہ مکہ بھی جا چکا ہے اور اب تک اردن کی ملکہ رانیہ، ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو اور سوڈانی صدر عمر حسن البشیر سے بھی مل چکا ہے۔ احمد کا والد سوڈانی ہے۔