Sunday, September 8, 2024

واشنگٹن: امریکی صدر کا سٹیٹ آف دی یونین سے آخری خطاب، داعش سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں: باراک اوباما

واشنگٹن: امریکی صدر کا سٹیٹ آف دی یونین سے آخری خطاب، داعش سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں: باراک اوباما
January 13, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے آخری اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو غیرمعمولی تبدیلیوں کا سامنا ہے، متحد ہو کر درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ داعش سے امریکا کو کوئی خطرہ نہیں، داعش کے خلاف لڑنے والی قوتوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے آخری اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کے دوران امریکی پالیسیوں کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ مثبت سوچ اور قانون کی عملداری سے آگے بڑھ رہی ہے۔ امریکیوں کی آزادی کا  تحفظ یقینی بنانے  کیلئے کوشاں ہیں۔ گن وائلنس پر قابو پا کر اپنے بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہوں گی، آئندہ نسلوں کی خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ امریکی معیشت کو زوال پذیر کہنے والے غلطی پر ہیں، امریکا اس وقت دنیا کی مضبوط  ترین معیشت ہے۔ تاریخ میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع ہم نے پیدا کیے۔ ہماری پہلی ترجیح امریکی عوام کو تحفظ دینا اوردہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ انصاف کے نظام میں بہتری لانےکی ضرورت ہے۔ داعش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں امریکا 60ممالک کے ساتھ اتحاد میں شامل ہے، ہمارا اتحاد داعش کی مالی معاونت، ان کے پیروکاروں کے خاتمے کے لیے ہے۔ یہ بات جھوٹ ہے کہ داعش اسلام کی نمائندہ ہے۔ امریکا داعش مخالف قوتوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ امریکا کی خارجہ پالیسی کا محور بھی داعش کے گرد ہی گھومنا چاہیے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکہ کرہ ارض کی طاقتور ترین قوم ہے اور دریافت کا جذبہ امریکیوں کے خون میں شامل ہے۔