Thursday, May 9, 2024

پراسرار حملہ آؤر گلشن اقبال پہنچ گیا ، 5 خواتین زخمی

پراسرار حملہ آؤر گلشن اقبال پہنچ گیا ، 5 خواتین زخمی
October 5, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی میں خواتین پر تیزدھار آلے سے حملہ کرنے والے ملزم نے پولیس کو ناکوں چنے چبوا دیئے ۔ کئی روز گزر جانے کے باوجود تفتیش کار اس گتھی کو سلجھانے میں یکسر ناکام ہیں ۔
گلستان جوہرمیں خواتین پر حملہ کرنے والے ملزم نے پولیس کوتگنی کا ناچ نچا دیا ۔
خواتین کو تیز دار آلے سے زخمی کر کے باآسانی فرار ہونے والے ملزم کو پکڑنا تو دور کی بات پولیس اس کا سرے سے سراغ لگانے میں ہی ناکام ہے ۔
پولیس کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ 3 اکتوبر کوسوشل میڈیا پر ملزم کے گلشن اقبال میں نظر آنے کی نشاندہی کی گئی تھی ۔
سوشل میڈیا کے پیج کراچی والے پر حنین شیخ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ گلشن اقبال میں اسی کی بہن نے خواتین پر حملہ کرنے والے نوجوان جیسے حلیے کے لڑکے کو موٹر سائیکل پر دیکھا ۔
جو کچھ فاصلے پر رکا اور اپنی جیب سے سرجیکل نائیف نکالا ۔ میری بہن نے جلدی سے بس میں سوار ہو کر خود کو بچایا ۔ اس پوسٹ کے آنے کے باوجود پولیس کی جانب سے سرے سے کوئی ایکشن ہی نہیں لیا گیا جس نے ملزم کا حوصلہ بڑھایا اور اگلے ہی دن 4 اکتوبر کو ملزم نے پانچ خواتین کو زخمی کیا ۔
تفتیش کار کہتے ہیں ملزم سائیکو ہوتا تو ہر واردات منظم حکمت عملی کے تحت نہیں کرتا ۔
گلستان جوہر میں پولیس نے پیٹرولنگ بڑھائی تو ملزم گلشن اقبال پہنچ گیا اگر ملزم سائیکو ہوتا ایسی حکمت عملی تیار نہیں کرتا ۔
اب تک پولیس یہ بھی معلوم نہیں کر پائی ہے کہ ملزم کون سا تیز دھار آلہ استعمال کررہا ہے ۔ پولیس اگر کچھ معلوم کر سکی ہے تو وہ یہ کہ ملزم ہر کارروائی میں الٹے ہاتھ سے خواتین پر وار کرتا ہے۔
ان واقعات کی وجہ سے گلستان جوہر اور گلشن میں خواتیں سخت خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔  کام کاج پر جانے والی خواتین نے گھر سے نکلنا ہی بند کر دیا ہے ۔