Saturday, May 11, 2024

برفباری کی تباہ کاریوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہو گئی

برفباری کی تباہ کاریوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہو گئی
January 16, 2020
مظفر آباد (92 نیوز) این ڈی ایم اے نے برفباری سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ، برفباری  کی تباہ کاریوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہوگئی، 96 افراد زخمی ہوئے، بلوچستان میں برفباری سے 20 افراد جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودوں کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 89 ہوگئی، 100 کے قریب گھر مکمل تباہ ہوئے جب کہ 107 متاثر ہیں ۔ وادی نیلم میں لاپتہ افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے ، رابطہ سٹرکوں کو کھولنے کیلئے بھی کام شروع کیا جا چک اہے ۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفانی تودوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 77 ہوگئی ہے ، گزشتہ روز برفباری کے باعث رکا آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ۔ پاک فوج کے ساتھ ساتھ پولیس، این ڈی ایم اے اور مقامی افراد بھی شریک ہیں ۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی مظفرآباد کے مطابق سانحہ  نیلم میں  ابتک 53 افراد زخمی ہوچکے ہیں ،  95 مکان، 22 دکانیں مکمل تباہ جبکہ 107 متاثر اور ایک مسجد شہید ہوئی ۔ لاپتہ افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا ،  وادی نیلم کے بیشتر علاقوں میں رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں جبکہ وادی گریس کی رابطہ سڑکوں کو 14 روز سے نہ کھولا جاسکا ، 15 روز  سے بند وادی لیپہ کی شاہراہ کو بحال کرنے کیلئے کام شروع ہوگیا۔ گلگت بلتسان کے علاقے استور میں برفباری سے اموات کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ 6 گھر تباہ ہوئے ، شہر سمیت مضافات کی سڑکیں تاحال بحال نہ ہو سکیں۔ ایبٹ آباد میں برف بھاری سے متاثرہ لنک روڈ چھ دن بعد بھی بحال نہ ہو سکے جس کے باعث سو سے زائد دیہات کا رابط شہر سے منقطع ہے۔