Saturday, April 20, 2024

وادی سوات میں ملکی سیاحوں کےساتھ غیرملکی سیاحوں کے بھی ڈیرے

وادی سوات میں ملکی سیاحوں کےساتھ غیرملکی سیاحوں کے بھی ڈیرے
November 26, 2018
سوات (92 نیوز) وادی سوات میں ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کے بھی چرچے ہیں۔ برطانوی سیاح لین پرفیکٹ بھی پاکستان آکر پرامن ماحول میں دریائے سوات کے کنارے تمبل بجا رہی ہیں۔ وادی سوات کے شور مچاتے دریا سے لطف اٹھاتی یہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 50 سالہ لین پرفیکٹ ہے جس نے پاکستان اور خاص کر سوات کے بارے سنا تو اسے یقین  نہیں آرہا تھا۔ سوات کے نوجوان سے فیس بک کے ذریعے دوستی نے لین پرفیکٹ کو پاکستان آنے کا راستہ دکھایا۔ لین پرفیکٹ سوات کی خوبصورتی دیکھ کر امن کے گن گانے لگی۔ کہتی ہیں پاکستانی انتہائی پرامن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ لین پرفیکٹ کے دوست عثمان خان کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی اور پاکستان آنے کی دعوت دی، یہاں کے پرامن ماحول سے بہت متاثر ہوئی۔ پختون ثقافت اور مہمان نوازی کو قریب سے دیکھ کر لین پرفیکٹ کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں۔ دریائے سوات کے کنارے بیٹھ کر سہانے موسم میں سازوں کے بادشاہ رباب اور تمبل کے دھنوں سے خوب محظوظ ہو رہی ہیں۔ حسن کی وادی سوات میں گوروں کی آمد امن محبت اور مہمان نوازی کی اعلیٰ مثالوں کا نتیجہ ہے۔