Monday, September 16, 2024

وائٹ ہاؤس کی پاکستان پر امیگریشن پابندی کی تردید

وائٹ ہاؤس کی پاکستان پر امیگریشن پابندی کی تردید
February 4, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے پاکستانی شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی کی خبروں کی تردید کر دی اور کہا ہے کہ مزید ممالک پر امریکا میں داخلے پر پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اُدھر امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایگزیکٹو آرڈر کے بعد امریکی حکومت ایک لاکھ ویزے مسترد کر چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے امریکا جانے والے پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس حوالے سے بہت ساری افواہیں ہیں تاہم ایگزیکٹیو آرڈر میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جو امریکی حکام کو مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کر رہے تھے۔

افغانستان، پاکستان اور لبنانی حکام مطلوبہ معلومات فراہم کر رہے ہیں تاہم ایگزیکٹیو آرڈر کے بعد پچانوے فیصد گرین کارڈ ہولڈر پاکستانی بک کرائی گئی ٹکٹیں منسوخ کرا چکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ امریکا کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیرنو کر رہے ہیں۔

امیگریشن پر چند ہفتوں میں مزید ایکشن ہوگا۔ امریکا آنے والے مسافروں کی چیکنگ سخت کی جائے گی۔ اُدھر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی حکم نامے کے بعد حکومت ایک لاکھ ویزے مسترد کر چکی ہے، یہ اعدادوشمار الیگزینڈرا کورٹ میں امریکی حکومت نے ظاہر کیے ہیں۔