Thursday, April 25, 2024

وائٹ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں آرمی چیف بھی شریک ہوں گے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

وائٹ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں آرمی چیف بھی شریک ہوں گے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
July 22, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے تاریخی دورہ امریکا پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمراہ ہیں ۔ ڈی آئی ایس پی آر کے  مطابق وائٹ ہاؤس میں آج ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف بھی شرکت کریں گے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقاتوں کا شیڈول  بتادیا، میجر جنرل آصف غفور کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس  میں ہونیوالی ملاقات میں شرکت کریں گے، آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ اور امریکی فوجی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ افواج پاکستان نے پاکستانی سرحدوں کا بہادری سے بھر پور دفاع کیا، پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ پاک، افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آرہی ہے،  باڑ لگنے سے دہشتگردوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سے دہشتگردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے، اب سکیورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان کی طرف ہے، بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار خراج تحسین کے قابل ہے  ،  میڈیا نے پاکستان کو بہترین طریقے سے عالمی میڈیا کے سامنے پیش کیا ۔