Tuesday, May 14, 2024

وائٹ آئی لینڈ میں پھٹنے والے آتش فشاں سے لاوے کا اخراج جاری

وائٹ آئی لینڈ میں پھٹنے والے آتش فشاں سے لاوے کا اخراج جاری
December 10, 2019
وائٹ آئی لینڈ ( 92 نیوز) نیوزی لینڈ کے جزیرے وائٹ آئی لینڈ  میں پھٹنے والے آتش فشاں سے لاوے کا اخراج جاری ہے ، غیرملکیوں سمیت 13 ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی، 27 زخمیوں کے جسم 30 فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں ، وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے سانحے کو ہولناک قرار دے دیا۔ نیوزی لینڈ کے جزیرے وائٹ آئی لینڈ  میں پھٹنے والے آتش فشاں نے تباہی مچادی ، ہر سو راکھ کا ڈھیر اور دھویں کے بادل چھاچکے ہیں۔ کیوی پولیس حکام نے لاپتہ آٹھ افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کردی ہے جس کے بعد قدرتی آفت میں ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے جن کا تعلق آسٹریلیا، امریکا، برطانیہ، چین اور ملائیشیا سے تھا۔ قدرتی آفت میں زخمی ہونے والے 31 افراد کرائسٹ چرچ، ہَٹ ویلی، وائیکاتو اور مڈلمورکے اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 27 کے جسم تیس فیصد سے زائد حد تک جھلس چکے ہیں۔ پہاڑ پھٹتے وقت جزیرے پر 41 غیرملکی اور دو مقامی شہری موجود تھے جن میں سے 24 کا تعلق آسٹریلیا، 9 کا امریکا، 4 کا جرمنی، 2 کا برطانیہ، 2 کا چین اور ایک کا ملائیشیا سے تھا۔ کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ،  انھوں نے متاثرہ جزیرے کا دورہ بھی کیا۔ پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران انھوں نے سانحے کو تباہ کن قرار دیا ہے ، اس معاملے کی مجرمانہ تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ ماہرین مسلسل پہاڑ کی نگرانی کررہے ہیں جس میں لاوے اور راکھ کا اخراج کافی حد تک کم ہوچکا ہے تاہم یہ کسی بھی لمحے دوبارہ بھی پھٹ سکتا ہے۔