Friday, April 26, 2024

وائلڈ لائف بورڈ ممبران جانوروں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

وائلڈ لائف بورڈ ممبران جانوروں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
August 4, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا وائلڈ لائف بورڈ ممبران جانوروں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وائلڈ لائف بورڈ ممبران جانوروں کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔ وائلڈ لائف بورڈ میں وزیر ماحولیاتی تبدیلی ، چیئرمین سی ڈی اے سب شامل ہیں۔ اگر یہاں جانوروں کے ساتھ یہ سلوک ہوا تو انسانوں سے کیا سلوک ہوتا ہے۔ وفاقی کابینہ نے مشیر ، معاون خصوصی ، وزیر سب کو بورڈ ممبر بنایا۔ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ وائلڈ لائف بورڈ کی تشکیل کا گزیٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے بورڈ تشکیل کا حکم دیا تھا۔ کابینہ نے منظوری دی۔ عدالتی حکم کے باوجود واقعہ کے ذمہ داران کے نام عدالت کے سامنے پیش نہیں کیے گئے۔ آئندہ سماعت تک کا وقت دیتے ہیں مفصل رپورٹ جمع کرائیں۔ یہ عدالت ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریگی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جانوروں پر تشدد معاشرے کو پرتشدد بنائے گا اور جانوروں کیلئے ہمدردی ختم ہو جائے گی۔ کریڈٹ لینا آسان ہے لیکن ذمہ داری لینا بہت مشکل ہے۔ ہم انسان اتنے پرتشدد نہیں ہو سکتے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا جانوروں کے ساتھ اس واقعے کی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے۔ یہ عدالت ایف آئی آر درج کرنے کا معاملہ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی پر چھوڑتی ہے۔ عدالت نے سماعت 11 اگست تک ملتوی کر دی۔