Friday, May 17, 2024

وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ کمان سنبھال لی

وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ کمان سنبھال لی
October 30, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کراچی میں منعقدہ تبدیلی کمان کی تقریب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی ہے۔

وائس ایڈمرل نوید اشرف نے کمان نئے کمانڈر پاکستان فلیٹ کے سپرد کی۔ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے ابتدائی بحری تربیت برطانیہ رائل نیول کالج ڈارٹ ماوتھ سے حاصل کی۔ آپ کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔

وائس ایڈمرل بلگرامی نے جولائی 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیول کمانڈ اینڈ جنرل سٹاف کالج فلپائن کے گریجویٹ ہیں۔ آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے بھی فارغ التحصل ہیں۔

وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس میں پی این ایس خیبر کی کمان بھی شامل ہے۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں ڈائریکٹنگ اسٹاف ایٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، ڈائریکٹر نیول آپریشنز، چیف اسٹاف آفیسر ٹو کمانڈر پاکستان فلیٹ ، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنل پلانز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف آپریشنز اور نیول ہیڈکواٹرز میں پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف آف دی نیول اسٹاف شامل ہیں۔

وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی منسٹری آف ڈیفنس میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ اپنی ذمہ داریوں کے آغاز سے پہلے وہ کمانڈر کراچی کے عہدے پر فرائض ادا کر رہے تھے۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نواز رکھا ہے۔  

تبدیلی کمان کی تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز، سیلرز اور بحریہ کے سویلینز نے شرکت کی۔