Monday, May 13, 2024

نیپرا کیخلاف شہری کی درخواست،عدالت کا لفاظی غلطیاں درست کرنے کا حکم

نیپرا کیخلاف شہری کی درخواست،عدالت کا لفاظی غلطیاں درست کرنے کا حکم
January 22, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی ہائیکورٹ میں  نیپرا کے خلاف درخواست  کی سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کو لفاظی غلطیاں  درست کرکے آنے کی ہدایت دے دی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا معاملہ ہے جس پر عدالت نے آبزرویشن دی کہ  آپ کو نیپرا میں شکایت کرنی چاہئے تھی ، کیا آپ نے ، پہلا فورم تو نیپرا ہے  ، نجکاری کا معاملہ تو زیر سماعت ہے آپ اس میں فریق بن سکتے ہیں ۔ درخواست گزار محمود اختر نے کہا کہ میں مفاد عامہ کیلئے یہاں آیا ہوں ،  نیپرا کو تو اختیار دیا گیا ہے کہ جو ریٹ چاہئیں بڑھا  دیں ۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے نیپرا کے نہیں ، پیمرا کے خلاف درخواست دی ہے جس پر درخواست گزار نے تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ میں نے درخواست نیپرا کے خلاف ہی دی تھی ،  شائد ن کا نقطہ لکھنا بھول گیا  ،   اصل میں فریق نیپرا ہی ہے۔ درخواست گزار کی وضاحت پر عدالت میں قہقہے لگ گئے ۔ عدالت نے درخواست گزار کو لفاظی غلطی درست کرنے کی ہدایت دے دی اور حکم دیا کہ  جن فریقین کو نوٹس موصول نہیں ہوئے  انہیں  دوبارہ نوٹس بھیجا جائے ، عدالت نے درخواست گزار سے بھی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے ۔ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ  کے الیکٹرک نے فی یونٹ 4 روپے 90 پیسے غیر قانونی اضافہ کیا،  کے الیکٹرک کے نظام میں نجی کاری سے ابتک کوئی اصلاحات نہیں ہوئیں،  کے الیکٹرک ماہانہ اربوں روپے منافع کما رہی ہے،  اربوں روپے منافع کے باوجود شہریوں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا ،  کے الیکٹرک کی جانب سے نرخوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔