Friday, May 10, 2024

نیپرا کی اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری

نیپرا کی اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری
June 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیپرا نے اپریل کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 44 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق نیپرا سے 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی تھی، کمی کا اطلاق صرف جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔ اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے 300 تک یونٹ استعمال کرنے والے، لائف لائن اور زرعی  صارفین پر ہوگا۔

اس کے علاوہ وہ صنعتی صارفین جو انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا فائدہ لے رہیں ہیں ان کو منفی ایف سی اے کا فائدہ اضافی کم قیمت والے یونٹ پر نہیں ملے گا، البتہ بیس ٹیرف کی حد تک منفی ایف سی اے کا فائدہ ضرور ملے گا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

نیپرا کے مطابق پی پی اے جی نے 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے اگست و اکتوبر 2020 کے مہینوں کے ایف سی اے کی مد میں عارضی طور پر 7.5 بلین روپے کی کٹوتی کی تھی۔

این پی سی سی کی جانب سے جمع کروائے گئے اعدادوشمار کی بنیاد پر اتھارٹی نے کٹوتی کی گئی رقم سے 4.4 بلین روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نیپرا اتھارٹی نے 2 جون 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔