Saturday, April 20, 2024

نیپرا ٹرانسمیشن لائن کا انفراسڑکچر درست کرےاور نجی تعاون کے حصول کیلئے جامع حکمت عملی تیارکرے:صدرممنون

نیپرا ٹرانسمیشن لائن کا انفراسڑکچر درست کرےاور نجی تعاون کے حصول کیلئے جامع حکمت عملی تیارکرے:صدرممنون
May 15, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)صدر مملکت ممنون حسین نے نیپرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا انفراسٹرکچر درست کرے اور اس سلسلے میں نجی تعاون کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق  صدر مملکت ممنون حسین سے نیپرا حکام نے چئیرمین نیپرا طارق سدوزئی کی سربراہی میں ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چئیرمین نیپرا طارق سدوزئی نے ادارے کی کارکردگی، ضروریات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں صدر مملکت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں نیپرا حکام سے مختلف سوالات کیے اور ہدایت کی کہ بجلی کی  پیداوار اور تقسیم کے شعبوں میں بدعنوان عناصر کا نیٹ ورک توڑا جائے اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت حاصل کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں  نے شوگر ملوں سے بجلی کی وافر پیداوار کو قومی گرڈ میں شامل کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔