Thursday, April 25, 2024

نیپرا نے بجلی دو روپے انچاس پیسے سستی کرنے کی منظوری دیدی

نیپرا نے بجلی دو روپے انچاس پیسے سستی کرنے کی منظوری دیدی
August 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی گئی۔ 3سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین، لائف لائن اور زرعی صارفین بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ریلیف سے محروم رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق سماعت نیپرا اتھارٹی نے کی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر بریفنگ دیتے ہوے نیپرا حکام نے بتایا کہ جولائی کے مہینے میں مجموعی طور پر 11ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی لاگت 42 ارب 10 کروڑ روپے رہی۔ پن بجلی کی پیداوار میں 5 فیصد کمی ہوئی لیکن ایل این جی اور گیس نے یہ کمی پوری کر دی۔ سی پی پی اے نے تو بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے14 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی لیکن اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا تو نیپرا اتھارٹی نے بجلی کی قیمتوں میں 2روپے49 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی سے 27 ارب روپے سے زائد کا ریلیف صارفین کو منتقل کیا جائے گا لیکن 3 سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین، لائف لائن اور زرعی صارفین بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ریلیف سے محروم رہیں گے۔ 27 ارب روپے کا فائدہ ملے گا صرف بڑے صارفین کو وہ بھی آئندہ ماہ۔