Monday, September 16, 2024

نیپرا نے ایل این جی پاور پلانٹس سے متعلق جاری کیا گیا اپنا فیصلہ واپس لے لیا

نیپرا نے ایل این جی پاور پلانٹس سے متعلق جاری کیا گیا اپنا فیصلہ واپس لے لیا
February 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نیپرا نے ایل این جی پاور پلانٹس پر یکساں ٹیرف سے متعلق نظرثانی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ نیپرا نے ایل این جی پاور پلانٹس ٹیرف سے متعلق اپنا پہلا فیصلہ واپس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک جانب حکومت کے قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمد کے معاملات طے پا گئے تو دوسری جانب نیپرا نے ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کے لیے نظرثانی درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ نیپرا نے اپریل 2015ءکو 800 میگاواٹ تک کے ایل این جی پاور پلانٹس کے لیے یکساں ٹیرف جاری کیا تھا۔ اس سلسلے میں 30 سال کے لیے ایل این جی پر بجلی پیدا کرنے کے لیے9 روپے 77 پیسے فی یونٹ اور ڈیزل کے لیے 15 روپے 9 پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کیا گیا تھا۔ پھر حکومت نے نئی منصوبہ بندی کی اور ایل این جی پاور پلانٹس کی صلاحیت بڑھا کر 1200 میگاواٹ کردی اور نیپرا سے یکساں ٹیرف پر نظرثانی کی درخواست کی۔ نیپرا نے سماعت کی اور فیصلہ کی کہ پہلا ٹیرف ایک جیسی کارکردگی والے پاور پلانٹس کے لیے تھا لیکن چونکہ نئی منصوبہ بندی کے تحت ایل این جی پاور پلانٹس کی پیداواری کارکردگی کی شرح مختلف ہے اس لیے پہلا فیصلہ موثر نہیں رہا۔ نیپرا نے ایل این جی پاور پلانٹس سے متعلق اپنا پہلا فیصلہ تو واپس لے لیا لیکن نئے ٹیرف کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔ نیپرا نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ نیپرا کے اس فیصلے کو گزٹ نوٹیفیکیشن کا حصہ بنایا جائے۔ اب نئی درخواست آئے گی‘ سماعتیں ہونگی اور پھر نیا ٹیرف ملے گا۔ ایسے میں ایل این جی پاور پلانٹس سے بروقت بجلی کی پیداوار کا کام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔