Thursday, April 18, 2024

نیپرا میں بجلی کی پیداوار کے تین منصوبوں کے جنریشن لائسنس کےلئے درخواستیں جمع

نیپرا میں بجلی کی پیداوار کے تین منصوبوں کے جنریشن لائسنس کےلئے درخواستیں جمع
May 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) کوئلے اور ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کے تین منصوبوں کے جنریشن لائسنز کےلئے درخواستیں نیپرا میں جمع کرا دی گئیں۔ تینوں منصوبوں سے مجموعی طور پر تین ہزار دو سو دس میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔ ان منصوبوں میں تھرکول بلاک ون، حویلی بہادر شاہ جھنگ اور کیپکو کوٹ ادو شامل ہیں۔ تھر کول بلاک ون میں کوئلے سے مجموعی طور پر ایک ہزار تین سو بیس میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے دو یونٹ لگائے جائیں گے۔ دونوں یونٹس کی صلاحیت چھ سو ساٹھ، چھ سو ساٹھ میگاواٹ ہو گی۔ دونوں یونٹس سپر کرٹیکل کول فائرڈ صلاحیت کے حامل ہونگے۔ منصوبے پر ایک ارب چونسٹھ کروڑ بائیس لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ پہلا یونٹ دو ہزار اٹھارہ کی پہلی اور دوسرا یونٹ دوسری ششماہی میں آپریشنل ہو گا۔ حویلی بہادر شاہ جھنگ میں ایل این جی سے ایک ہزار دو سو تیس میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کےلئے منصوبے کی جنریشن کےلئے بھی درخواست جمع کرا دی گئی۔ منصوبہ جنوری دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو گا۔ منصوبے پر مجموعی لاگت چورانوے کروڑ ڈالر سے زائد آئے گی۔ کیپکو کوٹ ادو میں کوئلے سے چھ سو ساٹھ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے جنریشن لائسنس کے لئے بھی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی۔ پلانٹ سپر کرٹیکل کول فائرڈ صلاحیت کا حامل ہو گا۔ منصوبہ دو ہزار بیس کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ منصوبے پر مجموعی ایک ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ تینوں منصوبوں کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ اعتراضات نیپرا میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ نیپرا تینوں منصوبوں کے حوالے سے متاثرین کے اعتراضات کا جائزہ لیکر فیصلہ کرے گا۔