Friday, April 26, 2024

نیپرا میں اووربلنگ پر عوامی سماعت، میپکو کا مئی کے مہینے میں اووربلنگ کا اعتراف

نیپرا میں اووربلنگ پر عوامی سماعت، میپکو کا مئی کے مہینے میں اووربلنگ کا اعتراف
September 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیپرا میں بجلی کمپنیوں کی جانب سے اووربلنگ اور صارفین کی شکایات پر عوامی سماعت ہوئی۔ میپکو نے مئی کے مہینے میں اووربلنگ کا اعتراف کر لیا۔

چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت اووربلنگ اور صارفین کی شکایات پر عوامی سماعت ہوئی۔ نیپرا حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ میپکو نے اوور بلنگ تسلیم کر لی ہے۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جب میپکو نے تسلیم کر لیا تو پھر ہمیں یقین ہو گیا اوور بلنگ ہوئی ہے۔ اوور بلنگ پر نیپرا کو 64 درخواستیں موصول ہوئیں۔ کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کے خلاف 13 درخواستیں موصول ہوئیں۔

دوران سماعت سی ای او میپکو نے کہا کہ ہماری ہی کمپنی میں نہیں ، سب کمپنیوں میں اووربلنگ ہوئی ہے۔ ممبر خیبرپختونخوا مقصود انور نے پوچھا کہ کوئی ایسی کمپنی ہے جس نے اوور بلنگ نہ کی ہو۔ وائس چیئرمین نیپرا رفیق شخ نے کہا کہ اوور بلنگ کی کیا تحقیقات ہوئیں بتایا جائے۔

چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ بتایا جائے 33 اور 37 دنوں کی بلنگ کا حل کیا ہے۔ صارفین کو یہ ریلیف واپسی کا طریقہ کار بتائیں۔ وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ معاملہ ایسے حل نہیں ہو گا۔ پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کو بلائیں۔ ہمیں بتایا جائے کن صارفین کے ساتھ زیادتی ہوئی۔