Sunday, September 8, 2024

نیپال میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ،ہلاکتوں کی تعداد2500سے متجاوز

نیپال میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ،ہلاکتوں کی تعداد2500سے متجاوز
April 26, 2015
کٹھمنڈو(ویب ڈیسک)نیپال میں آفٹر شاکس نے تباہ حال ملک کو پھر ہلا کر رکھ دیاہے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ  بھارت میں ہلاکتیں اٹھاون ہو گئی ہیں ۔ ماؤنٹ ایورسٹ پر سیکڑوں کوہ پیما پھنسے ہوئے ہیں نیپالی  حکومت نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپال میں  آنے والے  ہولناک زلزلے کی تباہیوں کا سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے زلزلہ زدگان  کھلے آسمان تلے بے یارو مدد گار بیٹھے ہیں۔ نیپال کی حکومت نے  ملک کو آفت زدہ  قرار دیکر  تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کردئیے ہیں جبکہ تمام کاروبار پہلے ہی بند پڑے ہیں ،چھ اعشاریہ سات کی شدت سے دوبارہ زلزلہ آنے سے  لوگ شدید خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔ بارش اور سردی کی وجہ سے لوگ   مختلف بیماریوں میں  مبتلا ہورہے ہیں مگر دوبارہ زلزلہ آنے کے خوف سے  اپنے گھرو ں میں واپس جانے کو تیار نہیں ہیں ۔ ان تازہ جھٹکوں کے بعد  کٹھمنڈو ائیرپورٹ کو ایک بار پھر بند کرنا پڑا۔ ابھی تک ستائیس  آفٹر شاکس محسوس کیے جاچکے ہیں  جبکہ نیپال کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ آفٹر شاکس کئی ہفتوں تک آسکتے ہیں۔ امدادی ٹیمیں تاحال  ملبے تلے  دبے افراد کو بچانے میں مصروف ہیں بجلی ، پانی ، آمدورفت سمیت دیگر نظام تباہ ہوچکا ہے  اور اشیائے خوردو نوش کی سخت قلت ہوگئی ہے ۔ طبی سہولیا ت کا بھی فقدان ہے ،،نیپال کے انتیس اضلاع اس زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں نیپال میں تین لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاح بھی موجود ہیں۔