Wednesday, May 22, 2024

نیٹو کا افواج مئی کے بعد بھی افغانستان میں رکھنے کا فیصلہ

نیٹو کا افواج مئی کے بعد بھی افغانستان میں رکھنے کا فیصلہ
February 1, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) نیٹو نے افواج مئی کے بعد بھی افغانستان میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

افغانستان میں امن کا خواب ایک بار پھر داؤ پر لگ گیا۔ پہلے امریکا نے امن معاہدے پر نظر ثانی کا اعلان کیا اور اب نیٹو نے بھی افغانستان سے مکمل انخلا نہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ پاکستان سمیت امن کے خواہاں ممالک کی کاوشوں کو دھچکا لگنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا۔

نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ اپریل کے آخر میں مکمل انخلا نہیں ہو گا۔ اتحادی افواج مئی کے بعد بھی افغانستان میں رہیں گی۔ نیٹو نے موقف اختیار کیا کہ امن معاہدے میں انخلا کی شرائط پوری نہیں کی گئیں۔ امریکا میں نئی انتظامیہ کے آنے سے افغان پالیسی میں تبدیلی آئے گی۔

گزشتہ سال فروری میں 19 سالہ طویل افغان جنگ کے خاتمے کی جو امید پیدا ہوئی تھی ، حالیہ واقعات سے اس پر سیاہ بادل منڈلاتے نظر آرہے ہیں۔ افغانستان میں امریکی فوجیوں سمیت کم وبیش 10 ہزار غیر ملکی افواج اب بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب طالبان نے ملا برادر کی سربراہی میں ایران کا دورہ کیا جہاں امن مذاکرات پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایران نے افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے ثالثی کی پیشکش بھی کر دی ہے۔