Sunday, September 8, 2024

نیویارک: ڈونلڈ ٹرمپ مخالفین کا سنٹرل پارک سے ٹرمپ ٹاور تک احتجاجی مارچ

نیویارک: ڈونلڈ ٹرمپ مخالفین کا سنٹرل پارک سے ٹرمپ ٹاور تک احتجاجی مارچ
March 20, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی دوڑ میں شامل ری پبلیکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ مخالفین نے نیویارک کے سنٹرل پارک سے ٹرمپ ٹاور تک احتجاجی مارچ کیا اور ٹرمپ کے جلسہ کے قریب ایک شاہراہ بند کر دی۔ مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈمپ کر دیا۔ ایریزونا میں بھی حالات کچھ مختلف نہ تھے، ٹرمپ کو منہ کی کھانا پڑی۔ ڈرم بجا کر نعرے لگا کر نیویارک کی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈمپ کر دیا۔ میکسیکو کے تارکین وطن، مسلمان کمیونٹی اور افریقی نژاد امریکیوں کا ایک ہی نعرہ تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو کردو ڈمپ۔ نیویارک کے سنٹرل پارک سے شروع ہونیوالی ریلی میں ٹرمپ کے خلاف گروپوں نے شرکت کی اور نیویارک شہر کے ففتھ ایونیو پر واقع ٹرمپ ٹاور تک احتجاجی مارچ کیا۔ دوسری طرف ایریزونا میں ہونے والی ریلی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے ٹرمپ کو ٹف ٹائم دیا جس پر ٹرمپ نے روایتی وار کرتے ہوئے مظاہرہ کرنے والوں کو ریلی سے باہر نکلوا دیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹرمپ کیخلاف نعرے درج تھے۔ نیویارک میں عرب امریکن ایسوسی ایشن کی سربراہ نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ امریکا کو تباہ کر دے گا اس لئے سب کو ٹرمپ کیخلاف متحد ہو جانا چاہئے۔ نیویارک مظاہرے میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں اکثریت نوجوانوں کی تھی جن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے میکسیکو سے ہجرت کر کے آنیوالوں اور مسلمانوں کیخلاف الزامات سے انتخابی ماحول گندہ کر دیا ہے۔