Friday, March 29, 2024

نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل 31 اکتوبر کو ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا

نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل 31 اکتوبر کو ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا
October 9, 2020
نیویارک (92 نیوز) نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل 31 اکتوبر کو ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا۔ ہوٹل بندش کی وجہ کورونا وبا کے باعث مالی بحران قرار دیدی گئی۔ کورونا وائرس نے نیویارک کے شہر کے مہنگے ترین علاقے مین ہیٹن میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل روزویلٹ کو فروخت کرنے کی راہ ہموار کر دی ۔ ہوٹل انتظامیہ نے 31 اکتوبر کو ہوٹل کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ہوٹل روزویلٹ  کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہوٹل انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ ایسی صورتحال میں ہوٹل کو چلانا نہ ممکن ہو گیا تھا۔ ترجمان نے انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کیا کہ روزویلٹ ہوٹل کو کسٹمرز کے لئے 31 اکتوبر کو بند کر دیا جائے گا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں نجکاری کمیٹی نے جولائی میں ہونے والے اجلاس  میں فیصلہ کیا تھا کہ ہوٹل کو فروخت کرنے کے بجائے کسی دوسری کمپنی کے ساتھ اشتراک میں چلایا جائے۔ روز ویلٹ ہوٹل کو 23 ستمبر 1924 کو مہمانوں کے لئے کھولا گیا تھا اور اس کو نیا گرافال کے تاجر فرینک اے ڈوڈلی نے تعمیر کیا تھا اور اس ہوٹل کو یونائٹیڈ ہوٹل کپمنی چلاتی رہی تھی۔ 1976 کو پی آئی اے نے روزویلٹ ہوٹل کو اس شرط پر لیز پر لیا تھا کہ وہ 20 سال بعد اسے خرید لےگی جبکہ 1999 میں پی آئی اے اپنے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے روز ویلٹ ہوٹل کو ساڑھے 35 ملین ڈالرمیں خرید لیا تھا۔