Monday, May 6, 2024

نیوٹن،آئن سٹائن غلط،بھارتی سائنسدانوں کی ہندوتھیوری تھوپنے کی کوشش

نیوٹن،آئن سٹائن غلط،بھارتی سائنسدانوں کی ہندوتھیوری تھوپنے کی کوشش
January 8, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز)کون نیوٹن ، کون آئن سٹائن ، بھارت کے بعض نام نہاد سائنسدان  انسانی تاریخ کے  ان دو عظیم ترین سائنسدانوں کی تھیوریز سے  انکار کر دیا ، ہندو نظریات کو زبردستی منوانے کی کوششوں نے انکے لیے جگ ہنسائی کا سامان پیدا کردیا۔ بھارت کے چند نام نہاد ماہرین تعلیم کے بے سروپا دعوؤں کے باعث پیش آئی ہے جنہوں نے ان دونوں نابغہ روزگار سائنسدانوں کے پیش کردہ نظریات کو اپنی مذہبی کتاب کیساتھ پرکھتے ہوئے  ایسے مضحکہ خیز دعوے کرڈالے  کہ ہنسی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ۔ تین سے سات جنوری تک جاری رہنے والی انڈین سائنس کانگریس  کا افتتاح بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا ، اس کانفرنس میں ایسے ایسے دعوے سامنے آئے کہ خود سائنس بھی محو حیرت ہوگئی۔ تامل ناڈو کی ایک یونیورسٹی سے منسلک  سائنس دان ڈاکٹر کے جے کرشنن نے کہا کہ آئزک نیوٹن اور آئن سٹائن دونوں غلط تھے اور دریافت ہونے والی کششِ ثقل کی لہروں کا نام 'نریندر مودی لہریں' رکھنا چاہیے۔ آندھرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر نگیشور راؤ نے لمبی چھوڑتے ہوئے کہا  کہ ہندوؤں کی مذہبی  کتاب رامائن میں ایک بادشاہ کا ذکر ملتا ہے جس  کے پاس 24 اقسام کے ہوائی جہاز تھے اور وہ انھیں سری لنکا کے ہوائی اڈوں پر اتارا کرتا تھا ۔ ایک  اور بھارتی یونیورسٹی سربراہ نے قدیم ہندو تحریروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قدیم ہندوؤں نے ہزاروں سال پہلے سٹیم سیل پر تحقیق کی تھی۔ دوسری جانب سائنسدانوں اور ناقدین کاکہنا ہے کہ بھارت میں پہلے بھی ایسے عجیب وغریب دعوے ہوتے رہے لیکن اس بار تو حد ہی ہوگئی ہے۔