Saturday, April 20, 2024

نیول چیف کی پہلے سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم میں شرکت

نیول چیف کی پہلے سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم میں شرکت
November 25, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پہلے سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم میں شرکت کی اور خطاب کیا، دوسرے سیشن میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے حصہ لیا۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز اور مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے ریاض میں منعقد ہونیوالے پہلے سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم 2019 میں شرکت کی۔ نیول چیف نے سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم 2019 سے خطاب کیا اور دوسرے سیشن میں بطور مہمان اعزازی شرکت بھی کی۔ کانفرنس کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز، وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ اللغوفیلی کے ساتھ ساتھ مختلف بحری افواج کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ نیول چیف نے بیرون ممالک کی معزز شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری اشتراک پر بات چیت کی گئی۔ نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم اور خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے اقدامات کو اجاگر کیا۔ توقع کی جارہی ہے کہ چیف آف دی نیول اسٹاف کا حالیہ دورہ دونوں برادرممالک کے مابین عموماً اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص باہمی اشتراک میں اضافے کا سبب ہوگا۔ سعودی بین الاقوامی میری ٹائم فورم 2019 سعودی رائل نیول فورسز کی جانب سے منعقد کی جانے والی پہلی کثیر ملکی نیول تقریب ہے، فورم مختلف ممالک کے تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی بحری افواج کے لیکچرز اور بحث و مباحثے پر مشتمل تھا۔ فورم میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کا طریقہ کار، عالمی تناظر میں خطرات اور مواقع، خطرات سے نبر آزما ہونے کی صلاحیت میں اضافے، بدلتے ہوئے میری ٹائم ماحول اور میری ٹائم صنعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ تین روزہ تقریب میں 13 ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ میری ٹائم ماحول میں جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور سسٹمز کی نمائش بھی کانفرنس میں شامل تھی۔