Friday, March 29, 2024

نیول چیف کی بطور مہمان خصوصی ”فلسفہ اقبال “کی اہمیت پر قومی کانفرنس میں شرکت

نیول چیف کی بطور مہمان خصوصی ”فلسفہ اقبال “کی اہمیت پر قومی کانفرنس میں شرکت
November 29, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں فلسفہ اقبال کی اہمیت اور شخصی و معاشرتی تبدیلی میں اس کے کردار پر قومی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی تعلیمات میں دو چیزیں بہت اہمیت کی حامل ہیں ایک یہ کہ آپؒ کی تعلیمات قرآنی تعلیمات سے بہت متاثر ہیں اور دوسرا یہ اپنے اندر جامعیت کا عنصر رکھتی ہیں جو ہر طبقے اور علاقے میں بسنے والے افراد سے مخاطب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے پیغام پر عمل پیرا ہو کر ہمارے لیے وہ الہامی علم کے راز کھل سکتے ہیں جو ہمیں دماغ اور روح کے مابین توازن حاصل کرنے میں مدد دیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء کو چاہیے کہ وہ فلسفہ اقبال کو اپنی زندگی میں نافذ کر کے اس سے رہنمائی حاصل کریں۔ علامہ اقبالؒ کے 142 ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں منعقدہ 2 روزہ کانفرنس میں فلسفہ اقبالؒ کی اہمیت کو اجاگر کر نے کے لیے تقاریر، بحث ومباحثہ اور تحقیقی مقالہ جات پیش کیے گئے۔ کانفرنس میں شرکت کرنیوالے نامور مقررین اور اسکالرز نے فلسفہ اقبال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دوران مقررین نے فلسفہ اقبال اور اسلامی ریاستوں میں عملی رہنمائی پر غور کیا۔ مقررین نے علم کے ذریعہ خود کو دریافت کرنے اور، بااختیار بنانے کے تصور پر بھی اظہار خیال کیا۔ اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطبہ میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت نے مہمان خصوصی، مہمانوں اور مقررین کا کانفرنس میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت نے مزید کہا کہ یہ پہلا میگا ایونٹ ہے جس کا انعقاد بحریہ یونیورسٹی میں قائم ”اقبال چیئر“ کے زیر اہتمام ہوا جس کا مقصد جامعہ کے طلباء میں منظم انداز میں اقبال کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانے کے مقاصد پر خصوصی توجہ دینا ہے۔ اس کانفرنس میں بحریہ یونیورسٹی کے تمام کیمپس نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔