Thursday, March 28, 2024

نیول چیف کا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان

نیول چیف کا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان
October 30, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی زیرصدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں موجود علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں، پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں اور فوجی دستوں کی تربیت و فلاح کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔ موجودہ جغرافیائی و عسکری حالات کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فلیٹ تنظیم میں تنظیمی تبدیلیو ں کو کو سراہا۔ کشمیری عوام کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لئے پر عزم ہے اور کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر دم تیار ہے۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز باڈی ہے جس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، فیلڈ کمانڈرز اوردیگر اداروں میں عارضی طور پر تعینات پاک بحریہ کے فلیگ افسران کی جانب سے پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا عسکری جائزہ لیا جاتا ہے۔