Friday, April 26, 2024

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کی چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں

نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی کی چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں
January 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان کے مطابق رائل سعودی نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز ریاض آمد پر کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سعودی نیول فورسز کے چاق و چوبند دستے نے سربراہ پاک بحریہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ امیرالبحر نے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں اِنہیں سعودی بحری فوج کے جاری آپریشنز پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

بعدازاں امیر البحر نے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی اور دوطرفہ دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ علاوہ ازیں رائل سعودی نیول فورسز کی صلاحیت میں اضافے اور عسکری تربیت میں پاک بحریہ کے کردار کی بھی تعریف کی گئی۔

ترجمان پاک نیوی کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو بالعموم اور بحری تعاون کو بالخصوص فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔