Friday, April 26, 2024

نیوزی لینڈ کی چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست

نیوزی لینڈ کی چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست
January 16, 2018

ہملٹن (92 نیوز) گرینڈ ہوم نے گرین شرٹس کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ کیویز آل راؤنڈر گرینڈ ہوم نے 45 گیندوں پر 74 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ میزبان ٹیم کو سیر یز میں چار صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔
ہملٹن میں کرکٹ کا میدان سجا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیمیں مد مقابل ہوئیں۔
شاہینوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور سات رنز پر پہلی وکٹ گر گئی۔
فخر زمان اور حارث سہیل نے ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان ٹیم کو اس وقت مشکلات پیش آئیں جب آدھی ٹیم 130 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
مشکل حالات میں سرفراز اور محمد حفیظ نے ٹیم کا بیرا اٹھایا اور ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 262 تک پہنچا دیا۔
محمد حفیظ 81 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھ ی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کا آغاز پراعتماد تھا۔ اوپنر نے 88 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے گرین شرٹس نے میچ میں کم بیک کیا۔
کپتان ولیمسن کے آوٹ ہونے پر گرینڈ ہوم نے میچ کا پانسہ دل دیا۔
کیوی آل راؤنڈر نے 45 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بلیک کیپز نے 263 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور نیوزی لینڈ کو سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔