Sunday, May 12, 2024

نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے ساؤتھ افریقہ کو 9وکٹوں سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے ساؤتھ افریقہ کو 9وکٹوں سے شکست دیدی
February 2, 2020
ماؤنٹ مانگانوئی (ویب ڈیسک )  دورہ نیوزی لینڈ پر آئی ساؤتھ افریقہ کی ویمن ٹیم کو نیوزی لینڈ کی کڑیوں نےپہلے ٹی 20 میچ میں   9 وکٹوں سے شکست کا مزہ چکھا دیا ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 117 رنز ہی بنا پائی ۔ساؤتھ افریقہ کو پہلا جھٹکا پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لگا جب کیسپرک کی گیند پر لیزل لی  نے وکٹ کیپر کو کیچ تھما دیا ، انہوں نے 15 گیندوں پر 17 رنز بنائے ۔ بارہویں اوور کی تیسری گیند پر ڈی کلیرک بھی چلتی بنیں ،ان کا شکار ناڈائن  ڈی کلرک نے کیا ۔ پندرہویں اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر  جینسن نے دو جنوبی افریقی خواتین کو میدان بدر کیا ۔ سترہویں اوور کی چوتھی گیند پر جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ گر گئی ،انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر کیسپرک نے شبنم اسماعیل کو آؤٹ کیا۔ ایابونگا خاکا اور مصابتا کلاس  ناٹ آؤٹ رہیں ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 117 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 12.2اوورز میں پورا کرلیا۔ اوپنر  اور وکٹ کیپر بلے باز رچل پریسٹ  اور کپتان صوفیہ ڈیوائن نے 75 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی  جہاں  رچل پریسٹ 28 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ اس کے بعد کپتان صوفیہ کیساتھ ٹاپ آرڈر سووزی بیٹس نے ناقابل شکست اننگز کھیلی اور  12.2اوورز میں  117 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ کپتان صوفیہ نے 47 گیندوں پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز  اور سووزی بیٹس نے 15 گیندوں پر 18 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہیں ۔ میزبان ٹیم کو 0-1 سے برتری حاصل ہے ۔