Friday, April 19, 2024

نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں خون کی ہولی کھیلنے والا سفاک آسٹریلوی شہری دہشتگرد قرار

نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں خون کی ہولی کھیلنے والا سفاک آسٹریلوی شہری دہشتگرد قرار
May 21, 2019
 کرائسٹ چرچ (92 نیوز) نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں خون کی ہولی کھیلنے والا سفاک آسٹریلوی شہری دہشتگرد قرار دے دیا گیا ۔ مجرم برینٹن ٹیرنٹ کو قتل اور اقدام قتل کی دفعات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی مجرم پر دہشت گردی کی دفعہ عائد کی گئی۔ نیوزی لینڈ پولیس نے متاثرہ خاندانوں کو کیس بارے تفصیل بتائی جس کے مطابق مجرم برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم لگا دی گئی جبکہ اسے اکاون افراد کے قتل اور چالیس کے اقدام قتل کی دفعات کا بھی سامنا ہے۔ آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرنٹ نے پندرہ مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد  میں اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں نو پاکستانیوں سمیت 51 نمازی شہید ہوئے تھے۔ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی عالمی تنظیم مسلم ورلڈ لیگ نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کیلئے بڑا اعلان کیا ہے جس کے تحت مسجد النور کے دو شہدا کے خاندانوں کو گھر دیئے جائیں گے۔ ان شہدا میں پاکستانی شہری نعیم رشید بھی شامل ہیں جبکہ باقی شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو حج کرایا جائے گا۔