Tuesday, May 7, 2024

نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست‘ سری لنکا سیریز میں واپس آ گیا

نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست‘ سری لنکا سیریز میں واپس آ گیا
December 31, 2015
نیلسن (ویب ڈیسک) سری لنکن ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران تیسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے گناتھیلاکا، دلشان اور تھریمانے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 8وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ کیوی کپتان میکلم کی غیرموجودگی میں قیادت کرنے والے کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔ کین ولیم سن نے 59‘ ٹام لیتھم 42 اورمچل سینٹنر 38 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نووان پرادیپ، دشمنتھاچمیرا اور جیفری وینڈرسے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 276رنز ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے اوپنرز نے 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ دانوشکا گناتھیلاکا نے 45 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تلکرتنے دلشان اور تھریمانے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 107 رنز جوڑے تاہم دلشان 91 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔ تھریمانے نے ناقابل شکست 87 رنز بنا کر سری لنکا کو تیسرے میچ میں کامیابی دلا دی۔ چندیمل 27 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اوپنر گناتھیلاکا کو دھواں دھار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے 2 جبکہ سری لنکا نے ایک میچ جیت لیا ہے۔