Friday, March 29, 2024

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے میں پڑوسی ملک کا ہاتھ ہو سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے میں پڑوسی ملک کا ہاتھ ہو سکتا ہے، شاہ محمود قریشی
September 22, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرانے میں پڑوسی ملک کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بس کی بجائے ہیلی کاپٹر میں اسٹیڈیم پہنچانے کی پیش کش کی تھی۔ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں سکیورٹی سے مطمئن تھی تو اسی لیے پاکستان آئی تھی۔

وزیرخارجہ نے کہا بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو ووٹ کا حق دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ای کچہری سسٹم بھی لا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی کوشش کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کے ساتھ ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا سب کے سامنے ہے۔ ماضی میں دیگر اداروں کی طرح پی آئی اے کو بھی نوچا گیا۔ پی آئی اے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ مزید طیاروں کی بھی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک قونصلیٹ میں نئے نادرا سینٹر، لینڈ ریکارڈ سینٹر اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا۔