Thursday, March 28, 2024

نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ فائنل تک رسائی کا سفر اگر مگر سے بھرارہا

نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ فائنل تک رسائی کا سفر اگر مگر سے بھرارہا
July 13, 2019
لندن ( 92 نیوز) ورلڈکپ کی فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ کو اگر قسمت کی دھنی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، 9گروپ میچوں میں سے اسے پانچ میں کامیابی ملی اورتین میچوں میں شکست ہوئی، بھارت کے ساتھ میچ بارش کی نذرہوا ۔پاکستان کے مقابلے میں بہتر رن ریٹ اسے سیمی فائنل میں لے گیا۔ نیوزی لینڈ کا ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی کا سفر اگر مگر سے بھرارہا،ابتدائی تین میچوں میں اس نے سری لنکا،بنگلہ دیش،افغانستان جیسی نسبتاً آسان ٹیموں کو شکست دی ۔بھارت کیخلاف اسکا میچ بارش کی نذر ہوگیا،پانچویں میچ میں کیویز نے جنوبی افریقہ کیخلاف 241رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔کین ولیم سن نے ناقابل شکست 106رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف کیویز کا میچ ورلڈکپ کا اب تک کا سب سے سنسنی خیز میچ رہا،کپتان کین ولیم سن کے 148رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے 291رنز بنائے ۔ جواب میں ویسٹ انڈیز286رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ اعصاب شکن مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے  کارلوس بریتھویٹ  کی  سنچری مدتوں یاد رہے گی۔ پاکستان کیخلاف میچ میں کیویزنے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹ پر237رنز بنائے،پاکستان نے بابر اعظم کی سنچری اور حارث سہیل  کے ذمہ دارانہ 68رنز کی بدولت میچ اپنے نام کرلیا۔نیوزی لینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 86رنز سے شکست ہوئی۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 11پوائنٹس کیساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آئے مگر بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرگیا جبکہ پاکستان کو واپسی کا ٹکٹ کٹوانا پڑا۔