Sunday, September 8, 2024

نیوزی لینڈ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پاکستان کو شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پاکستان کو شکست دیدی
January 17, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز برابر کر دی۔ ایک سو انہتر رنز کا ہدف کیوی بیٹسمینوں کے لئے بچوں کا کھیل ثابت ہوا‘ بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ سنبھالی تو احمد شہزاد 9‘ محمد حفیظ 19 اور صہیب مقصود 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک نے تیس گیندوں پر انتالیس، عمر اکمل نے ستائیس گیندوں پر چھپن رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ایک سو اڑسٹھ رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ کپتان آفریدی سات، عماد وسیم آٹھ اور سرفراز احمد ایک رن بنا سکے۔ جوابی اننگز میں کوئی پاکستانی باولر کیوی اوپنرز کو پریشان نہ کر سکا۔ ایک اینڈ سے کین ولیم سن اور دوسرے اینڈ سے مارٹن گپٹل نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کر دی، چودہ گیندیں قبل ہی کیوی اوپنرز نے فتح ٹیم کے نام کر دی۔ واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ گرین شرٹس نے جیتا تھا۔ تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بغیر وکٹ گنوائے 169 رنز کا ہدف حاصل کرنا ورلڈ ریکارڈ ہے۔