Monday, September 16, 2024

نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینگروز کو شکست سے دوچار کر دیا

نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینگروز کو شکست سے دوچار کر دیا
February 28, 2015
آسٹریلیا (سپورٹس ڈیسک) ورلڈ کپ 2015 کے بیسویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینگروز پر بمشکل قابو پا لیا۔ آسٹریلوی باؤلرز نے کیویز کے لئے ایک سو باون رنز کے آسان ہدف کا حصول بھی مشکل بنا دیا۔ آکلینڈ میں کھیلا گیا میچ کیوی ٹیم ایک وکٹ سے بمشکل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ ٹیم کے ابتدائی نو کھلاڑی یکے بعد دیگرے ایک سو چھہ رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ پوری ٹیم تینتیسویں اوور میں ڈھیر ہو گئی۔ میزبان ٹیم کے ٹرینٹ بولٹ نے پانچ جبکہ ٹم ساؤدی اور ڈینیل ویٹوری نے دو دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم نے جلدی دکھائی اور اکیس گیندوں پر نصف سنچری بناتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ تاہم ان کے آؤٹ ہونے پر آسٹریلوی باؤلرز نے بھی پر پرزے نکالے۔ ہدف تک پہنچنے پہنچتے کیوی ٹیم نو بلے بازوں سے محروم ہو چکی تھی۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے دو مواقع پر لگاتار دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کی امید دلائی تاہم نیوزی لینڈ کے ولیمسن نے  چوبیسویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔