Wednesday, May 8, 2024

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا
June 2, 2019
کارڈف ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے میچز جاری  ہیں ۔ ایونٹ کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو عبرتناک شکست سے دو چار کر دیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور 29.2 گیندوں پر  سری لنکا کو صرف 136 رنز پر محدود کر دیا۔ سری لنکا کی جانب سے کھیل کا مایوس کن آغاز کیا گیا جب پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر لاہیرو تھریمانے ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ نویں اوور کی پہلی ہی گیند پرٹاپ آرڈر کوشال پریرا 29 رنز بنا کر ہنری کی گیند پر گرینڈ ہوم کو کیچ تھما بیٹھے ۔ اگلی ہی گیند پر کوشال مینڈس گپٹل کو کیچ تھما کر چلتے بنے ، بارہویں اوور کی پانچویں گیند پر  مڈل آرڈر دھاننجیا ڈی سلوا فرگوسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔سری لنکا کے 53 کے اسکور پر چار اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔ کپتان اور اوپنر بلےبازدیمتھ کرونا رتنے 52 اسکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، ٹیل اینڈر تھیسارا پریرا27 رنز بنا پائے ۔ نیوزی لینڈ  کے میٹ ہنری نے 7 اوورز میں 29 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کا شکار کیا ، ٹرینٹ بولٹ نے 9 اوورز میں 44 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ۔لوکی فرگوسن 6.2اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر رہے ۔ گرینڈ ہوم ،نیشام  اور مچل سینٹنر نے بھی ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔ نیوزی لینڈ نے 137 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 16.1 اوورز میں پورا کرلیا۔ اوپنر مارٹن گپٹل اورکولن منرو نے جارحانہ انداز اختیار کیا۔ مارٹن گپٹل نے 51 گیندوں پر8 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر73 جبکہ کولن منرو نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملینگا ، سورنگا لکمل ،اشورو اڈانا ،تھیسارا پریرا اور جیون مینڈس نے باؤلنگ کی مگر کوئی بھی کھلاڑی وکٹ حاصل نہ کر سکا۔