Thursday, April 25, 2024

نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی

نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی
November 19, 2018
ابوظہبی (92 نیوز) پاکستان نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا سیریز میں مایوس کن آغاز رہا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں چار رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 37 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو  کوئی بھی کھلاڑی کریز پر جم کر نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتا گیا۔ قومی ٹیم کے دونوں اوپنرز ٹیم کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر چلتے بنے۔ اظہر علی اور اسد شفیق  نے اچھی مزاحمت کی اور ٹیم کا اسکور 130 رنز تک پہنچا دیا۔ اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بلے باز کیوی باؤلرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ بلال آصف ، حسن علی اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کپتان سرفراز  کی کارکردگی بھی انتہائی ناقص رہی ۔ سرفراز احمد دونوں اننگز میں صرف 5 اسکور بنا پائے۔ پوسٹ میچ سیرمنی میں کپتان سرفراز نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اپنی غلطیوں سے سکھیں۔ انکا کہنا تھا کہ بلےبازوں کو وکٹ پر ٹائم دینا چاہئے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ ہارنے پر مایوسی ہوئی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔