Saturday, May 11, 2024

نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لی

نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر فائنل فور میں جگہ بنا لی
November 7, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر سورماؤں کو واپسی کا ٹکٹ تھمایا اور فائنل فور میں جگہ بنا لی۔

بھارت کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ نیوزی لینڈ نےافغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر بھارتی سورماؤں کو ممبئی کا ٹکٹ تھما دیا۔

نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ پاکستان ،انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل فور مقابلے میں پہنچ چکی ہیں۔

گروپ ٹو  کے اہم میچ میں افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ نجیب زاداران 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور ٹم ساؤتھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کیویز نے 125 رنز کا ہدف دو وکٹوں پر حاصل کیا۔ کپتان کین ولیم سن 40 ، کانوئے 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مارٹن گپٹل 27، ڈیرل مچل 17 رنز بنا سکے۔ افغانستان کی طرف سے راشد خان اور مجیب الرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے دوران افغان اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کر لیا۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔