Saturday, May 18, 2024

نیوزی لینڈ میں مسلمانوں سے یکجہتی اور اپنائیت کا بے مثال مظاہرہ

نیوزی لینڈ میں مسلمانوں سے یکجہتی اور اپنائیت کا بے مثال مظاہرہ
March 22, 2019

 کرائسٹ چرچ (92 نیوز) نیوزی لینڈ میں مسلمانوں سے یکجہتی اور اپنائیت کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا۔ دہشت گردی کی شکار مسجدالنور کے سامنے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کا روح پرور اجتماع ہوا۔

فضا اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھی۔ اذان ٹی وی اور ریڈیو پر براہ راست سنائی گئی۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے تعزیتی خطاب میں کہا اس درد میں نیوزی لینڈ بھی آپکے ساتھ ہے کیونکہ ہم ایک ہیں ، جیسنڈا نے حدیث پاک بھی پڑھی۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ مکمل ہو گیا۔ ہولناک واقعے کے بعد پہلا جمعہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا غیرمعمولی اجتماع بن گیا۔ پورے ملک کی فضائیں اذان سے گونج اٹھیں۔ اذان کے بعد دو منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی گئی۔ اس دوران پورے ملک میں سکوت چھا گیا۔

کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کا اجتماع مسجد النور کے سامنے ہیگلے گراؤنڈ میں ہوا جسے ملک بھر میں نماز جمعہ کو براہ راست نشر کیا گیا۔

پیش امام جمال فودا نے جذبات سےبھرپور خطبہ دیا۔ انھوں نے ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے ہولناک سانحے کا ذکر کیا۔ امام جمال فواد نے کہا کہ دہشتگردی کے اس واقعے نے ہمارے دل توڑے ہیں مگر ہمیں نہیں۔

 امام جمال فودا نے نیوزی لینڈ کی عوام کی محبتوں، پھولوں اور ہاکا ڈانس پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی مسلمانوں سے بے مثال یکجہتی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

 نمازجمعہ کے موقع پر ہزاروں غیر مسلم بھی یکجہتی کیلئے وہاں موجود تھے۔ شرکا نے جائے وقوعہ پر پھولوں کے انبار لگا دیئے۔