Wednesday, May 8, 2024

نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پاکستانی شہید

نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پاکستانی شہید
March 16, 2019
 ویلنگٹن (92 نیوز) نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پاکستانی شہید ہوئے۔ باپ نعیم راشد اور بیٹا طلحہ کا تعلق  ایبٹ آباد سےتھا۔ شہید نعیم رشید کے بھائی ڈاکٹر خورشید نے تصدیق کردی۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشتگردی کا خونریز واقعہ پیش آیا جس میں پاکستانی شہری نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نعیم کو چہرے پر گولی لگی تھی  جس کے باعث وہ  جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک اور پاکستانی شہری محمد امین کا تعلق حافظ آباد سے ہے اور اسپتال میں تاحال زیر علاج ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے  گفتگو میں محمد امین کے بیٹے یاسر کا کہنا تھا کہ وہ والد کے ہمراہ نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے مسجد جارہے تھے۔ قریب پہنچے تو دہشتگردوں  کو فائرنگ کرتے دیکھا۔ دہشتگرد مسجد کے قریب سے گزرنے والوں کو بھی نشانہ بنا رہے تھے۔ حافظ آباد میں موجود محمد امین کی بہن نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں بتایا   کہ بھائی اپنے بیٹے کے ساتھ نیوزی لینڈ کی مسجد میں  جمعہ کی  نماز پڑھنے گئے تھے کہ دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔ انہوں نے محمد امین کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی۔ کرائسٹ چرچ میں  فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں ستائیس سالہ اریب بھی شامل ہے جس کا تعلق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا  سے ہے۔ نوجوان کے کزن احمد کے مطابق  ان کی ٹانگ پر گولی لگی ہے۔ وہ والدین کا اکلوتا بیٹا  اور  پیشے کے اعتبار سے  چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے جسے فرم نے  نیوزی لینڈ بھیجا تھا۔