Friday, March 29, 2024

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنیوالی مجرم کو پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنیوالی مجرم کو پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا
August 27, 2020

ولنگٹن ( 92 نیوز) نیوزی لینڈ  میں مساجد پر حملہ کرنے والا سفیدفام سفاک دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گیا، مجرم کو پیرول کے بغیر عمر قید سنا دی گئی،برینٹن ٹیرنٹ نے 15مارچ دوہزار 19 کو نمازجمعہ کے دوران مختلف مساجدپرحملہ کرکے  51 نمازیوں کو شہید کردیاتھا۔

نیوزی لینڈ  کی عدالت  نےکرائسٹ چرچ سانحہ سےمتعلق کیس کا فیصلہ سنادیا، 51معصوم نمازیوں کوشہیدکرنے والے سفاک سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو بغیرپیرول کوعمرقید سنادی گئی۔

29سالہ مجرم  51 افراد کے قتل، 40 اقدام قتل اور ایک دہشت گردی کے الزامات کو پہلے ہی قبول کرچکا تھا اور سزا سنائے جانے پراس کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں تھا۔

فیصلے سنائے جانے کے وقت شہدا کے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی اس دوران کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ، جبکہ  فیصلے سے قبل سماعت کے دوران ہی عدالت میں نعرہ تکبیربھی بلندکیاگیا۔

نیوزی لینڈ  کی تاریخ میں پہلی بار کسی مجرم کو پیرول کے بغیرعمرقید کی سزا دی گئی ہے جس کے  بعد اب زندگی بھر اس کے جیل سے نکلنے کے امکانات ہی باقی نہیں رہے۔

نیوزی لینڈ  میں پہلی بار کسی  شخص کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔