Friday, April 26, 2024

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ ، سفید فام دہشت گرد پر قتل کی فرد جرم عائد

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ ، سفید فام دہشت گرد پر قتل کی فرد جرم عائد
March 16, 2019
ویلنگٹن (92 نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد پر گولیاں برسا کر 50 نمازیوں کی جان لینے والے سفاک دہشت گرد کوعدالت میں پیش کیا گیا،جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کر کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کی بدترین تاریخ رقم کرنے والے سفید فام دہشت گرد برینٹن کی کرائسٹ چرچ کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی ہوئی جہاں اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی گئی اورپانچ اپریل تک ریمانڈ جاری کر دیا گیا۔ اس موقع پرسکیورٹی کےسخت انتظامات کئےگئے تھے۔ عام لوگوں کو سماعت کا حصہ بننے کی اجازت نہیں تھی جبکہ شہر بھر کی سکیورٹی کو بھی انتہائی سخت رکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق کرائسٹ چرچ میں حملوں میں 50 افراد شہید اور 48 زخمی ہوئے جن میں سے 39 ہسپتال ہیں۔ واقعے میں دو پاکستانی شہید، 4 زخمی اور پانچ لاپتہ ہوئے۔ واقعے کیخلاف دنیا بھر میں غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔ برطانیہ اور امریکا میں ایک ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ کئی مقامات پر تعزیتی تقاریب بھی ہوئیں۔ ترک میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملہ آور اپنی اگلی کارروائی ترکی میں کرنا چاہتا تھا اور وہ کئی بار ترکی کا سفر کر چکا تھا۔