Saturday, April 20, 2024

نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کیلئے قومی یادگاری تقریب

نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کیلئے قومی یادگاری تقریب
March 29, 2019

 کرائسٹ چرچ (92 نیوز) نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کیلئے قومی یادگاری تقریب منعقد کی گئی۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم سمیت انسٹھ ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔

 سانحہ کرائسٹ چرچ ، سفید نسل پرست کی خونی کارروائی کو چودہ روز بیت گئے۔ مسجد النور کے سامنے میموریل ڈے کے حوالے سے مرکزی تقریب ہوئی جس کا آغاز قران پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔

 کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن ایک بار پھر سیاہ لباس میں نظر آئیں جس کے اوپر انھوں نے روایتی لبادہ اوڑھ رکھا تھا۔

 وزیراعظم جیسنڈا آرڈررن نے کہا پندرہ مارچ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ۔ ہمیں دنیا سے انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا میں سمجھتی تھی کہ کہنے کو کچھ باقی نہیں رہا مگر یہاں السلام و علیکم سننے کو ملا۔

 تقریب میں سانحہ کے تمام شہدا کے نام پکارے گئے جس سے فضا مزید سوگوار ہو گئی۔

 تقریب میں آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن سمیت انسٹھ ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر برطانوی گلوکار یوسف اسلام نے نیوزی لینڈ کیلئے امن کا گیت بھی گایا۔

 تقریب کے اختتام پر سب نے مل کر کرائسٹ چرچ گیت گا کر شہدا سے اظہار یکجہتی کیا۔