Thursday, March 28, 2024

نیوزی لینڈ میں بدترین دہشتگردی ، لاپتہ تمام نو پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

نیوزی لینڈ میں بدترین دہشتگردی ، لاپتہ تمام نو پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق
March 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملوں میں مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی۔ فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کو تین دن گزر گئے۔ پچاس افراد کی شہادت پر فضا سوگ میں ڈوبی ہے۔ دہشت گرد حملوں میں لاپتہ تمام نو پاکستانی بھی شہید ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کر دی۔ ترجمان کے مطابق حملوں کے دوران لاپتہ ہونے والے زیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی کی شناخت ہو گئی ہے۔ زیشان اور ان کے والدین مسجد میں سفاک دہشت گردی کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ اس خاندان کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔ شہدا میں سہیل شاہد، سید جہانداد، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم رشید اور  طلحہٰ نعیم شامل ہیں۔ نعیم رشید اوران کے بیٹے طلحہ کی تدفین کرائسٹ چرچ جبکہ دیگر کی میتیں پاکستان لائی جائیں گی۔ دوسری جانب پاکستان میں شہدا کے گھروں پر تعزیت کیلئے آنے والے لوگوں کا تانتابندھا ہے، محلہ دار اور عزیز و اقارب متاثرین کے گھروں میں تعزیت کیلئے آرہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں جمعے کی نماز کے دوران 2 مساجد پر فائرنگ سے  50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ پولیس نے مساجد پر حملے کرنیوالے ملزم آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے برینٹن ٹیرینٹ کو واقعے کے تقریباً 40 منٹ بعد گرفتار کرلیا، جس نے مزید مساجد پر حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔