Friday, April 19, 2024

نیوایئرنائٹ پر فائرنگ کرنیوالے شہزادے نے شیرجوانوں کی بھی پٹائی کر دی

نیوایئرنائٹ پر فائرنگ کرنیوالے شہزادے نے شیرجوانوں کی بھی پٹائی کر دی
January 2, 2016
لاہور(92نیوز)نیوایئرنائٹ پر فائرنگ کرنے والے ملزم نے شیرجوانوں کی بھی پٹائی کر دی ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مغلپورہ کو تبدیل کرکے پولیس لائنز رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ملزم خرم بٹ نے نیو ایئرنائٹ پر ہوائی فائرنگ کی پولیس نے اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تو شواہد نہ مل سکے جس پر پولیس پارٹی واپس آ گئی۔ پولیس پارٹی کے واپس آنے کے بعد ملزموں نے پھر ہوائی فائرنگ کی جس پر اگلے روز ایس ایچ او مغلپورہ ملک شہباز نے اپنی قیادت میں پولیس پارٹی کے ہمراہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا اور ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف بھی برآمد کر لی۔ پولیس نے جب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے مزاحمت کرتے ہوئے اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایس ایچ او کو بھی زدوکوب کیا۔ پولیس کے مطابق خرم بٹ علاقے میں منشیات فروشی کے علاوہ دیگر جرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے واقعہ کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس ایچ او تھانہ مغلپورہ ملک شہباز کو تبدیل کرکے پولیس لائنز رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔