Tuesday, May 7, 2024

نیوایئر نائٹ یورپ کیلئے ڈراﺅنا خواب بن گئی‘ تقریبات منسوخ‘ سکیورٹی سخت

نیوایئر نائٹ یورپ کیلئے ڈراﺅنا خواب بن گئی‘ تقریبات منسوخ‘ سکیورٹی سخت
December 31, 2015
پیرس (ویب ڈیسک) نئے سال کی آمد پر جشن اور رعنائیاں بکھیرنے والے یورپ میں آج خوف کے سائے منڈلانے لگے۔ نئے سال کی آمد کا جشن سخت سکیورٹی میں ماند پڑ گیا۔ بلجیم اور فرانس نے آتش بازی کی سرکاری تقاریب ہی منسوخ کر ڈالیں جبکہ برطانیہ اور امریکہ میں ریڈ الرٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق روشنیوں اور خوشبو کے شہروں میں خوف کے سائے طویل ہو گئے۔ یورپی ممالک میں سال نو کے موقع پر تاریخ میں پہلی مرتبہ ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ خطرات کے پیش نظر جشن کی متعدد تقاریب منسوخ کر دی گئیں۔ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں دہشت گردی کے خطرات کے سبب سال نو کے موقع پر آتش بازی اور جشن کی تقریبات نہیں ہونگی۔ ادھر نومبر میں دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ بننے والے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں بھی نئے سال کی استقبالیہ آتش بازی نہیں ہو گی۔ بلجیم کے وزیراعظم چارلس میچل نے کہا کہ تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ ”اہم معلومات“ کی بنیاد پر کیا گیا۔ برسلز کے میئر کے مطابق گزشتہ برس برسلز میں سالِ نو کی تقریبات کے دوران ایک لاکھ افراد شریک ہوئے تھے مگر اب ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ فرانس میں سالِ نو کی تقریبات کے موقع پر 60 ہزار پولیس اور فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ نئے سال کے آغاز کے موقع پر اس مرتبہ آتش بازی کا روایتی مظاہرہ بھی نہیں ہوگا۔ اس کی جگہ محرابِ فتح پر نئے سال کے آغاز سے پانچ منٹ قبل ایک ویڈیو پرفارمنس ہوگی جسے شانزے لیزے پر نصب سکرینوں پر بھی نشر کیا جائے گا۔ ماضی میں سالِ نو کی تقریب میں شرکت کے لیے چھ لاکھ سے زیادہ فرانسیسی اور غیر ملکی اس مقام پر جمع ہوتے رہے ہیں۔ ادھر امریکہ اور برطانیہ میں بھی سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ متعدد تقاریب منسوخ کر دی گئی ہیں۔